بنگلورو3؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر کے پرپنا اگراہارا جیل سے ترکاریوں کی وین میں بیٹھ کر راہ فرار اختیار کرنے والے قیدی ڈیوڈ کو سنجے نگر پولیس نے آج گرفتار کرلیا۔ گیدلہلی کا ساکن ڈیوڈ دو تین دن قبل جیل میں ترکاریوں کی فراہمی کیلئے اندر داخل وین میں چھپ کر فرار ہوگیا۔ جیل کے حکام نے سنجے نگر پولیس کو اطلاع دی کہ شاید وہ گیدہلی میں واقع اپنے گھر میں روپوش ہوگا۔ فوری طور پر سنجے نگر پولیس نے اس کی تلاش کیلئے مہم شروع کردی ، آج صبح ہبال روڈ پر پیدل جاتے ہوئے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ منگل کو اس نے دیونہلی کے قریب واقع اوپن جیل سے ترکاری لے کر پرپنا اگراہارا جیل جانے والی وین میں بوریوں کے نیچے چھپ کر راہ فرار اختیار کی تھی۔ جیل کے سی سی ٹی وی کیمروں میں اس کے بوریوں کے نیچے چھپنے کا پتہ چلا ، فوری طور پر ڈی سی پی بورلنگیا نے ڈیوڈ کی گرفتاری کیلئے دو الگ الگ ٹیموں کی تشکیل دی، ان ٹیموں نے تیزی سے تلاشی مہم چلاتے ہوئے آج صبح ہبال کے قریب اسے گرفتار کرلیا۔ اس پر قتل ، ڈکیتی اور چوریوں کے الزامات ہیں۔ جیل میں اس کے نفسیاتی طور پر علیل ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔بارہا اس نے جیل کے عملے کے ساتھ جھگڑا بھی کیاتھا۔ اس کے فرار ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر اس کی تلاش کی گئی۔ آج صبح اسے گرفتار کرلیا گیا۔